راولپنڈی اسلام آباد میں شدید بارش سے نالہ لئی بپھرگیا، آبادی کو انخلاء کی ہدایت

راولپنڈی اسلام آباد میں شدید بارش سے نالہ لئی میں پانی سطح بلند ہوگئی۔کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کرگئی جب کہ نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور ریسکیو کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔ نالہ لئی کے آس پاس آبادی کو انخلاء کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ صادق آباد، ڈھوک الہی بخش میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔اس کے علاوہ مری روڈ، راول روڈ میں بھی پانی سڑکوں پر جمع ہے، گولڑہ میں سب سے زیادہ 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب مقبوضہ جموں اور بالائی علاقوں میں ہونے والی تیز بارشوں کے باعث شکر گڑھ کے نالہ بئیں میں سیلابی صورتحال ہے، درجن بھر سے زائد دیہات کی فصلیں ڈوب گئیں ۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب کے نتیجے میں دیگر دریاؤں میں صورتحال معمول پر ہے۔
واپس کریں