عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے

لاہور( نامہ نگار) کشمیرسنٹرلاہور اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے اشتراک سے تحریکِ آزادئ جموں و کشمیر کے ممتاز رہنما ، کل جماعتی حریت کانفرنس کی ایگزیکٹو باڈی کے رکن شیخ عبدالعزیز کے یومِ شہادت کے موقع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما انجینئرمشتاق محمود، انچارج کشمیرسنٹرانعام الحسن، مسلم لیگ ن لائیرز ونگ کے سینئرنائب صدر سیدمنظورگیلانی ایڈووکیٹ، سیکرٹری کشمیرایکشن کمیٹی فاروق آزاد، رہنما استحکام پاکستان پارٹی و سابق ٹکٹ ہولڈر بلال مختار بٹ،آغا رب نواز درانی، نثاراحمدبیگ، نذیرمیر، پرویزجان اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے شیخ عبدالعزیز کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہنما کی جدوجہد، قربانی اور ثابت قدمی کشمیری عوام کے لیے آج بھی مشعلِ راہ ہے۔شیخ عبدالعزیز نے پاکستان کی محبت میں اپنی جان قربان کی۔ وہ ایک بارہ مولا سے لائن آف کنٹرول کی جانب ایک بڑے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے اپنے کئی ساتھیوں سمیت بھارتی فوج کی فائرنگ کانشانہ بنے۔ شیخ عبدالعزیز نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی پوری زندگی جدوجہد میں گزاری اور تحریک کے مشکل ترین ادوار میں بھی اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ ان کی شہادت نے تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے ان کی بے مثال وابستگی اور قربانی کو تاریخ کا حصہ بنا دیا۔مقررین نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز کی جدوجہد ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ قوموں کے بنیادی حقوق، عزت و وقار اور سیاسی مستقبل کے لیے پرامن، اصولی اور ثابت قدم جدوجہد جاری رکھنا ضروری ہے۔ ان کی قربانی کشمیری عوام کی جدوجہد کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز سمیت تحریکِ آزادی کشمیر کے تمام شہداء نے اپنے خون سے ایک ایسی تاریخ رقم کی ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ شہداء کی قربانیاں کشمیری عوام کے عزم اور اپنے مستقبل کے تعین کے حق کی علامت ہیں۔اس موقع پرمقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔سیمینارکے اختتام پر شہید شیخ عبدالعزیز اور تحریکِ آزادی کشمیر کے تمام شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت اورمقبوضہ جموں وکشمیر کی جلد آزادی کے لیے دعا کی گئی۔
واپس کریں