ن لیگ کو زبردستی جتوایا جا رہا ہے شفاف تحقیقات کرائی جائیں، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر

مظفرآباد: پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ ن لیگ نے دھاندلی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے، اس وقت انتخابات میں ن لیگ کو زبردستی جتوایا جا رہا ہے، متنازع حلقوں میں شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔
یہ بات پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے سابق وزیر صحت جاوید بڈھانوی اور ارشد صہیب کے ساتھ این پی سی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔چوہدری یاسین نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کا کل تیسرا مرحلہ ہے، پیپلز پارٹی نے پہلے دن سے مرحلہ وار انتخابات کی مخالفت کی، الیکشن کمیشن نے اپنی مرضی سے انتخابات کروائے اور پنجاب پولیس کو جان بوجھ کر مخصوص مقاصد کے لیے بلایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ الیکشن کمشنر کے مخصوص مقاصد ہیں، 2016ء کے انتخابات کی یاد تازہ کروائی گئی، آزاد کشمیر کے حلقے ایل اے 9م یں بھی منظم دھاندلی نہیں بلکہ دھاندلا کیا جا رہا ہے، اس وقت انتخابات میں ن لیگ کو زبردستی جتوایا جا رہا ہے۔
پیپیلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر نے کہا کہ رانا ثنااللہ نے کئی ماہ پہلے اس کامیابی کا اعلان کر دیا تھا، ن لیگ نے دھاندلی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے، پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ متنازع حلقوں میں شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ن لیگ کی کمیٹی نے 80فیصد سے زائد پولنگ والے حلقوں پر تحقیقات پر آمادگی کی پھر مکر گئے۔
واپس کریں