دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کشمیرسنٹرلاہور کے زیراہتمام یوم استحصال کشمیر کے موقع پر دستخطی مہم
No image لاہور: کشمیر سنٹر لاہور اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیرِ اہتمام یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پریس کلب لاہور کے باہر دستخطی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ مہم میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے جوش و خروش سے شرکت کرتے ہوئے بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کی شدید مذمت کی۔دستخطی مہم میں حریت رہنما انجینئر مشتاق محمود، صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ڈویژن آزاد کشمیر راجہ شہزاد، پروفیسر اسماء حسن، رہنما پی ٹی آئی فاروق آزاد، لیگی رہنما معراج الدین شاہین، چودھری صدیق اور راجہ محمد ندیم سرور سمیت مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے رہنماؤں، کارکنوں، تاجروں، طلبہ اور عام شہریوں نے شرکت کی۔
شرکاء نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے بعد مقبوضہ وادی میں طویل لاک ڈاؤن، مواصلاتی پابندیاں، سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریاں، اظہارِ رائے پر قدغنیں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی برسوں سے بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں اور انہیں اپنے مستقبل کے فیصلے کا حق دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لیں، بھارتی مظالم رکوانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بھارتی اقدام کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارت 5 اگست 2019 کے اپنے یکطرفہ اقدامات فوری طور پر واپس لے، مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا خاتمہ کرے اور کشمیری عوام کو ان کے بنیادی، سیاسی اور جمہوری حقوق فراہم کیے جائیں۔
واپس کریں