ریاست احتجاج کو ختم اور مطالبات پر بات کرنے کیلئے طاقت کا استعمال کرنے کے بجائے پرامن مذاکرات کا راستہ اپنائے

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) جموں کشمیر لبریشن لیگ کے مرکزی صدر خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ(امیدوار برائے قانون ساز اسمبلی مظفرآباد سٹی)، مرکزی سیکرٹری جنرل خلیق الرحمٰن سیفی ایڈووکیٹ، مرکزی نائب صدر دلاور خان (لالہ کشمیری) ایڈووکیٹ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مالیات سمیر احمد صدیقی (نامزد امیدوار برائے ممبر قانون ساز اسمبلی حلقہ حویلی)، چئیرمین لبریشن لیگ ضلع حویلی ڈاکٹر عطاءاللہ دینپوری کی ملاقات۔
آزاد جموں کشمیر میں جاری صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا. اس امر پہ زور دیا گیا کہ ریاست احتجاج کو ختم کرنے اور مطالبات پر بات چیت کرنے کیلئے ہٹ دھرمی اور طاقت کا استعمال کرنے کے بجائے پرامن مذاکرات کا راستہ اپنائے۔
مرکزی قیادت جموں کشمیر لبریشن لیگ نے اس بات پر زور دیا کہ آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر اور انتظامیہ مظاہرین پر الزامات عائد کرنے، جبر، طاقت اور آہنی زور آزمائی کے بجائے آزاد جموں کشمیر میں انٹرنیٹ بحال کرے، اشیائے خورد و نوش کی بندش کو ختم کرے، مقدمات بنانے کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے تاکہ ریاست میں امن عامہ بحال ہو۔
انتخابی عمل میں حصہ لینے پر مشاورت ہوئی کہ جموں کشمیر لبریشن لیگ کے کارکنان اپنے اپنے حلقہ جات میں پارٹی منشور اور نظریہ خورشید کی ترویج کریں اور ریاست کی وحدت کو محفوظ بنانے، آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کو بااختیار، باوقار اور ریاست کی نمائندہ حکومت بنانے کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کیلئے جموں کشمیر لبریشن لیگ کے پیغام کو عام عوام تک پہنچائیں اور عملی کردار ادا کرنے کیلئے لبریشن لیگ کے نامزد امیدواران کے دست و بازو بننے کیلئے اقدام کریں۔
واپس کریں