دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پرامن مظاہروں پر تشدد اور فورسز کا استعمال کشمیری عوام اور ریاستِ پاکستان میں دوریاں بڑھانے کا پیش خیمہ ثابت ہوگا
No image مظفرآباد (نامہ نگار) جموں کشمیر لبریشن لیگ کے صدر خواجہ منظور قادر ایڈوکیٹ نے آزاد جموں و کشمیر کی حالیہ تشویشناک صورتحال پر گہرے دکھ اور شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک ہنگامی بیان میں انہوں نے حکومتِ وقت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں جاری پرامن عوامی مظاہروں کو طاقت کے بل بوتے پر کچلنا اور فورسز کا بے جا استعمال کسی صورت بھی ریاستِ پاکستان کے حق اور مفاد میں نہیں ہے۔ یہ جبر کشمیری عوام اور پاکستان کے مابین تاریخی و قلبی رشتوں کو کمزور کرنے اور دوریوں کو مزید بڑھانے کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔
صدر جموں کشمیر لبریشن لیگ نے حکومتِ آزاد کشمیر اور حکومتِ پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ حالات کی نزاکت کو سمجھا جائے اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو فوری طور پر مذاکرات کی میز پر بٹھا کر تمام تصفیہ طلب معاملات کو آئینی و سیاسی دائرہ کار میں حل کیا جائے۔ انہوں تکبیرِ مسلسل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے جائز حقوق کے لیے پرامن جدوجہد کرنے والی عوامی ایکشن کمیٹی کو "پاکستان مخالف" یا "کالعدم" قرار دینے کی کوششیں انتہائی احمکانہ اقدام اور زمینی حقائق سے نظریں چرانے کے مترادف ہیں۔
خواجہ منظور قادر ایڈوکیٹ نے انکشاف کیا کہ آزاد کشمیر کے موجودہ انتشار کو تدبر اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے بجائے، پسِ پردہ یہاں کے حکومتی و سیاسی ڈھانچے کو ہی لپیٹنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جو کہ خطے کی شناخت کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر لبریشن لیگ نے پہلے روز سے ہی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبران اور آزاد کشمیر کے تمام سیاست دانوں کو یہ بات بارہا باور کرائی ہے کہ اگر اس سنجیدہ معاملے کو عقل، دانش اور دوراندیشی کے ساتھ حل نہ کیا گیا تو آزاد کشمیر کی ریاستی شناخت اور بقا کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔
اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے سخت الفاظ میں تنبیہ کی کہ وقت تیزی سے ہاتھ سے نکل رہا ہے، اب بھی اگر عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبران اور آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے ارکان نے ہوش کے ناخن نہ لیے اور ضد و انا کو چھوڑ کر مخلصانہ حکمتِ عملی نہ اپنائی، تو خطے کو ایسا ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا جس کا خمیازہ صدیوں تک بھگتنا پڑے گا۔
جاری کردہ:مرکزی شعبہ اطلاعات و میڈیا سیل،جموں کشمیر لبریشن لیگ
واپس کریں