نوجوان لڑکیاں مستقبل میں عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حقیقی سفیر بنیں گی۔راجہ خان افسر خان
باغ(نامہ نگار)گورنمنٹ گرلز ہائی سکول، باغ میں جموں و کشمیر لبریشن سیل اور محکمہ تعلیم کے اشتراک سے "مقبوضہ کشمیر اور انسانی حقوق کے علمبردار" کے عنوان سے ضلعی سطح کی ایک اہم تقریری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (نسواں) محترمہ عذرا فیاض نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل، راجہ خان افسر خان تھے۔ تقریب میں پرنسپل محترمہ عفیفہ بتول، ماہرین تعلیم اور ضلع کی تمام تحصیلوں سے منتخب ہو کر آئیں طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
مقابلہ میں حصہ لینے والی طالبات نے اپنی تقاریر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا، اور کشمیری خواتین اور بچوں کی قربانیوں اور بہادری کو بھی دنیا کے سامنے پیش کیا۔
مہمانِ خصوصی راجہ خان افسر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کے جابرانہ اقدامات کشمیری عوام، خصوصاً خواتین اور بچوں کی پرامن جدوجہد کو کبھی ختم نہیں کر پائیں گے۔ انہوں نے طالبات کے حوصلے، اعتماد اور قومی شعور کی بے حد تعریف کی اور کہا کہ یہی نوجوان لڑکیاں مستقبل میں عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حقیقی سفیر بنیں گی۔ انہوں نے طالبات کو تاکید کی کہ وہ تعلیم کے ساتھ تحریک آزادی کے مختلف اسٹریٹجک پہلوؤں کو بھی سمجھیں تاکہ مستقبل میں مظلوم کشمیری عوام کا مؤثر مقدمہ لڑ سکیں۔
صدارتی خطاب میں محترمہ عذرا فیاض نے مقبوضہ کشمیر کی پاکستان اور امت مسلمہ کے لیے اسٹریٹجک اور نظریاتی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں جاری ظلم و کرفیو کے باوجود کشمیری خواتین اور نوجوان نسل کا جذبہ آزادی کمزور نہیں ہوا۔ انہوں نے طالبات کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہی نوجوان لڑکیاں مستقبل میں عالمی فورمز پر کشمیر کے مقدمے کو مضبوطی سے پیش کریں گی۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور مقبوضہ کشمیر کے شہداء، اسیرانِ حریت اور تحریک آزادی کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی
واپس کریں