
پشاور : ایمل ولی خان نے “فیکٹس آر فیکٹس” کے نام سے ایک نئے میڈیا پلیٹ فارم کا باضابطہ اعلان کردیا۔ اس حوالے سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان کا عرصہ دراز سے یہ خواب تھا کہ پختونوں کا اپنا ایک ایسا میڈیا پلیٹ فارم ہو جہاں ان کی اصل تاریخ، سیاسی حقائق اور عوامی مسائل کو بے لاگ انداز میں پیش کیا جاسکے۔
ایمل ولی خان کے مطابق “فیکٹس آر فیکٹس” کے پلیٹ فارم سے پختونوں کی حقیقی تاریخ، سیاسی حقائق، غیرجانبدار تجزیے اور روزمرہ کے حالات پر مبنی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد ماہرین کی آراء اور تحقیق کی بنیاد پر حقائق عوام تک پہنچانا ہے تاکہ تاریخ اور موجودہ صورتحال کو درست تناظر میں پیش کیا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ماہرین کی مدد سے تحقیقاتی بنیادوں پر کام کیا جائے گا اور صرف دعوؤں یا زبانی بیانات پر انحصار نہیں کیا جائے گا۔
“فیکٹس آر فیکٹس” کی ٹیم میں معروف صحافی و ادیب زلان مومند بطور پروڈیوسر جبکہ ساجد ٹکر بطور ڈائریکٹر اپنے فرائض انجام دیں گے۔ دیگر ٹیم ممبران میں محمد سرمد، حسیب عالم، عبدالمالک اور جنید خان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان کی جانب سے اس پلیٹ فارم کو پختونوں کی آواز اور حقائق پر مبنی صحافت کے فروغ کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
واپس کریں