دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
جموں کشمیر لبریشن لیگ کی اہم قرارداد پیش، متفقہ طور پر منظور،صدارتی انتخاب کا عمل فی الفور مکمل کیا جائے۔
No image راولپنڈی(نامہ نگار خصوصی) جموں کشمیر لبریشن لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس منعقدہ 23 مئی 2026 بمقام راولپنڈی میں درج ذیل قرارداد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔
1۔ آج کا یہ اجلا حکومت آزاد جموں کشمیر اور فیصلہ ساز قوتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات آئین و قانون کے مطابق بروقت اور بلاتاخیر، منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدار طریقہ سے کروائے جائیں۔ اس سے قبل صدرِ ریاست کا انتخابی عمل روک کر آئین و قانون شکنی کی گئی ہے، لہٰذا صدارتی انتخاب کا عمل فی الفور مکمل کیا جائے۔
2۔ جموں کشمیر لبریشن لیگ کا یہ اجلاس اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان اور آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر کو کمزور کرنے، اس کی جغرافیائی حدود تبدیل کرنے اور اس کی خصوصی حیثیت ختم کرنے، ضم کرنے یا صوبہ بنانے کی کوششوں اور اقدام کے خلاف ہر سطح پر سخت مزاحمت کی جائے گی۔ اور ایسا ہر اقدام اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی، آئینِ پاکستان سے روگردانی، پاکستان کے بین الاقوامی معاہدات بشمول سائنو پاک ٹریٹی اور ٹروس ایگریمنٹ کی خلاف ورزی اور عہد شکنی کے ساتھ ساتھ قائداعظم کی کشمیر پالیسی کے مغائر تصور ہو گا۔ پوری ریاست جموں کشمیر کی وحدت کی بحالی اور رائے شماری کے منطقی اور حتمی انجام تک کسی بھی ریاستی حصے میں ریاستی عوام کے حق خود حکمرانی اور حق ترجمانی کے منافی ہر قسم کے اقدام کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ یہ اجلاس اپنے مسلسل مطالبہ کا اعادہ کرتا ہے کہ آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر بشمول گلگت بلتستان کو پوری ریاست جموں کشمیر کی جمہوری نمائندہ اور مہاراجہ ہری سنگھ کی جانشین حکومت تسلیم کیا جائے اور اسے باوقار و بااختیار بنایا جائے۔
3۔ آج کا یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت پاکستان، آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر کے ساتھ معاہدات کے ذریعہ نظام حکومت اور عوامی مفادات کے کام میں بہتری لانے کیلئے ایک بہترین معاون کا کردار ادا کرے، آزاد جموں کشمیر کے قدرتی وسائل، زرِ مبادلہ، انکم ٹیکس اور دیگر وسائل بمشول ہائیڈرل پراجیکٹ کی آمدن واحد اکاؤنٹ آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر کے ذریعہ سے حاصل کی جائے۔ اس کے ساتھ اس عزم کا اظہار کیا جاتا ہے کہ حکومت پاکستان اور اس کے ذیلی اداروں کے آزاد جموں کشمیر میں ڈائریکٹ دائرہ کار بڑھانے کی اقدام کی بھی بھرپور مزاحمت اور مخالفت کی جائے گی۔
4۔ آج کا یہ اجلاس حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہائیڈرل پاور، کشمیر پراپرٹی، زرِ مبادلہ اور قدرتی وسائل کی آمدن، انتظام اور تصرف کو آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر کے حوالہ کیا جائے۔
5۔ آج کا یہ اجلاس بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی جبر و استبداد اور وحشیانہ مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تمام حریت راہنماؤں کی ناجائز حراست کے خاتمہ اور آزادی کا مطالبہ کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آزادی پسند اقوام عالم اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے موثر و فیصلہ کن کردار ادا کیا جائے۔ حکومت پاکستان، آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر کو تسلیم کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر آزاد حکومت کے ذریعہ جدوجہد آزادی کو سفارتی محاذ پر منظم اور مؤثر بنائے۔
6۔ آج کا یہ اجلاس بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی دلیرانہ جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے اور تحریک آزادی کے شہداء کی بلندیِ درجات کیلئے دعاگو ہے۔
7۔ آج کا یہ اجلاس حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی آزاد جموں کشمیر کے انتخابات میں سیاسی اور انتخابی مداخلت روکے۔
8۔ آج کا یہ اجلاس مہاجرین جموں کشمیر مقیم پاکستان کے حوالہ سے جموں کشمیر لبریشن لیگ کے راولاکوٹ میں منعقدہ مجلسِ عاملہ کے اجلاس مورخہ 14 ستمبر 2025 میں منظور شدہ قراردادوں کی آج کے اجلاس میں دوبارہ توثیق و تائید کرتے ہوئے ان قرادادوں کو آج کی اس قرارداد کا حصہ قرار دیتا ہے۔
9۔ آج کا یہ اجلاس ڈاکٹر سید نذیر گیلانی کی جانب سے سوشل میڈیا پر پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے آزاد کشمیر میں وجود کے متعلقہ جاری پوسٹ اور موقف کی مکمل تائید اور حمایت کرتا ہےاور انکی مسئلہ جموں کشمیر کے حوالہ سے اقوام متحدہ، آئین و قانون اور تاریخ کے پس منظر میں اختیار کیے گئے مؤقف اور توضیح و تشریح پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
واپس کریں