میرواعظ مولوی محمد فاروق شہیدؒ اعتدال، رواداری اور پرامن جدوجہد کے داعی تھے

لاہور (نامہ نگار) کشمیر سنٹر لاہور (جموں وکشمیرلبریشن سیل)کے زیراہتمام میرواعظ مولوی محمد فاروق شہیدؒ اور ممتاز عوامی و سیاسی رہنما خواجہ عبدالغنی لون شہیدؒ کی برسی کے موقع پر مسجددارالسلام جناح باغ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، علماء کرام، سماجی کارکنان، نوجوانوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر علامہ فداء الرحمان حیدری نے میرواعظ مولوی محمد فاروق شہیدؒ اور خواجہ عبدالغنی لون شہیدؒ سمیت تمام شہدائے کشمیر کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی، مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارت سے جلد آزادی اور وطن عزیز پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ میرواعظ مولوی محمد فاروق شہیدؒ کشمیر کے ممتاز مذہبی رہنما، بہترین مقرر، مدبر اور ملتِ کشمیر کی ایک بااثر آواز تھے۔ انہوں نے نہ صرف دینی و سماجی میدان میں نمایاں کردار ادا کیا بلکہ ہمیشہ عوام کے مسائل، نوجوانوں کی رہنمائی اور ملت کے اتحاد کے لیے سرگرم رہے۔ وہ اعتدال، رواداری اور پرامن جدوجہد کے داعی تھے اور کشمیری عوام کے سیاسی، سماجی اور مذہبی حقوق کے لیے مسلسل آواز بلند کرتے رہے۔ 21 مئی 1990 کو انہیں سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر نامعلوم مسلح افراد نے شہید کر دیا۔خواجہ عبدالغنی لون شہیدؒ کشمیر کے ایک زیرک، معتدل مزاج اور عوام دوست سیاسی رہنما تھے، جنہوں نے ہمیشہ کشمیری عوام کی خواہشات اور سیاسی حقوق کی نمائندگی کی۔ وہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور پرامن حل کے لیے مذاکرات، سیاسی بصیرت اور عوامی رائے کی اہمیت پر زور دیتے تھے۔ ان کی سیاسی زندگی اصول پسندی، جمہوری اقدار اور عوامی خدمت سے عبارت تھی۔ 21 مئی 2002 کو وہ میرواعظ مولوی محمد فاروق شہید کی برسی کی تقریب میں شریک تھے کہ پولیس کی وردی میں ملبوس حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے انھیں شہید کردیا۔ ان کی شہادت کو کشمیری عوام نے ایک عظیم قومی اور سیاسی نقصان قرار دیا۔ میرواعظ مولوی محمد فاروق شہیدؒ اور خواجہ عبدالغنی لون شہیدؒ جیسی شخصیات قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہیں جنہوں نے اپنے افکار، کردار اور قربانیوں کے ذریعے آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال قائم کی۔ شرکاء نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں اور قوم ہمیشہ ان کی خدمات، جدوجہد اور مشن کو یاد رکھے گی۔تقریب کے اختتام پر ملت کشمیر کے اتحاد، امن، استحکام، شہداء کے بلند درجات اور پوری امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہداء کے مشن، حق گوئی، عوامی خدمت اور قومی یکجہتی کے پیغام کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔
واپس کریں