کشمیریوں کی جدوجہد حق و سچ کی جنگ ہے۔راجہ خان افسر خان

(باغ۔ نامہ نگار) گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول باغ میں جموں و کشمیر لبریشن سیل اور محکمہ تعلیم آزاد کشمیر کے اشتراک سے "مقبوضہ کشمیر اور انسانی حقوق کے علمبردار" کے عنوان سے ایک ضلعی تقریری مقابلہ منعقد ہوا، جس کی صدارت پرنسپل گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول باغ سردار عبدالعزیز خان نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل راجہ خان افسر خان تھے۔ تقریب میں ضلع باغ کی پانچوں تحصیلوں سے منتخب طلبہ نے شرکت کی اور تقاریر کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی راجہ خان افسر خان نے کہا کہ بھارتی اقدامات کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی تحریک کو دبانے میں ناکام رہے ہیں، کیونکہ کشمیریوں کی جدوجہد حق و سچ کی جنگ ہے۔ انہوں نے طلبہ کے بے پناہ اعتماد، جذبوں اور قومی شعور کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج کے یہ باشعور بچے کل عالمی سطح پر تحریکِ آزادیِ کشمیر کے حقیقی سفیر بنیں گے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ قومی مسائل اور تحریکِ آزادی کے سٹریٹجک پہلوؤں سے بھی خود کو باخبر رکھیں تاکہ مستقبل میں جدید تقاضوں کے مطابق مظلوم کشمیری بھائیوں کا مقدمہ لڑ سکیں۔
واپس کریں