کشمیر دفاعی طور پر بھی پاکستان کے لیے بڑی اہمیت رکھتا ہے۔

لاہور(پ ر)آل پاکستان کالجز اینڈ اکیڈمیزایسوسی ایشن کے چیئرمین راناعنصرمحمود نے کہاہے کہ کشمیر کازکے حوالے سے نوجوان نسل میں شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس حوالے سے تعلیمی اداروں کواپنا اپنا کردار بخوبی ادا کرنا چاہے تاکہ طلباء کو بتایاجائے کہ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ کیوں قرار دیا تھا۔ راناعنصرمحمودنے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز کشمیرسنٹرلاہور کا دورہ کرتے ہوئے انچارج سنٹر انعام الحسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اُن کے ہمراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمدعبداللہ بھی تھے۔ قبل ازیں انچارج سنٹر نے راناعنصرمحمود کو کشمیرسنٹرلاہور جموں وکشمیرلبریشن سیل کی کشمیر کاز کے حوالے سے کارکردگی بارے تفصیلی آگاہ کیا۔ راناعنصرمحمودنے کہا کہ کشمیرہماری شہہ رگ ہے اور مسئلہ کشمیر صرف ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کا ہی مسئلہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کا مسئلہ بھی ہے۔ کشمیر مذہبی، نظریاتی، علاقائی، جغرافیائی، دفاعی غرض ہر حوالے سے پاکستان کے ساتھ منسلک ہے ۔ ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسلوں کو مسئلہ کشمیر کی تاریخ اور موجودہ صورت حال کے حوالے سے بھرپور آگہی فراہم کرنی چاہیے۔ انھیں بتایاجائے کہ بھارت نے کشمیر پر قبضہ دراصل پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی غرض سے کیا ہے کیونکہ کشمیر دفاعی طور پر بھی پاکستان کے لیے بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ ہمیں اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ کشمیریوں کی جدوجہد صرف کشمیر کی آزادی ہی نہیں تکمیل پاکستان کے لیے بھی ہے۔انھوں نے کہا کہ نوجوانوں خاص طور پر طلباء کی آگہی کے لیے تعلیمی اداروں میں سیمینار،کانفرنسوں کے ساتھ لیکچرسیریزکروائی جانی چاہئیں ۔ کوئز پروگراموں کے ذریعے بھی ہم کشمیر کاز کے متعلق معلومات سے طلباء کو روشناس کرواسکتے ہیں۔ انھوں نے یقین دلایا کہ کشمیرسنٹرجموں وکشمیرلبریشن سیل کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے آل پاکستان کالجز کالجز اینڈ اکیڈمیز ایسوسی ایشن بھرپور معاونت کرے گی۔ ملاقات کے اختتام پر انچارج سنٹر انعام الحسن نے راناعنصرمحمودکو تازہ مطبوعہ کتابچہ پیش کیا۔
واپس کریں