دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کیپٹن جنرل سید احمد علی شاہ کی برسی پر دعائیہ تقریب کا انعقاد
No image لاہور: کشمیرسنٹرلاہور (جموں وکشمیرلبریشن سیل ) کے زیراہتمام تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما، سابق صدر آزاد جموں و کشمیر کیپٹن جنرل سید احمد علی شاہ کی برسی کے موقع پرمرحوم کی شاندارخدمات کو خراج عقید پیش کرنے کے لیے دعائیہ تقریب کاانعقاد مسجد بھاگ علی شاہ میں کیا گیا۔ دعائیہ تقریب میں کشمیری سیاسی، سماجی و مذہبی رہنماؤں، احباب اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے نمائندہ کل جماعتی حریت کانفرنس انجینئرمشتاق محمود، انچارج کشمیرسنٹرلاہور انعام الحسن کاشمیری اور معروف عالم دین علامہ مشتاق قادری نے خطاب کیا۔ تقریب کا آغاز قرآن کی تلاوت اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد مقررین نے مرحوم کی زندگی، خدمات اور کشمیر کی آزادی کے لیے ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے خطاب میں کہا کہ کیپٹن جنرل سید احمد علی شاہ کی قیادت میں کشمیری عوام نے آزادی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا اور ان کی یاد ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔انھوں نے کہا کہ سیداحمد علی شاہ برطانوی ہند کی فوج میں افسر تھے لیکن جب کشمیری قوم نے ڈوگرہ راج کے خلاف مسلح تحریک کا آغاز کیا تو وہ ملازمت سے استعفا دے کر اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ جہاد میں شریک ہوگئے ۔ انھوں نے دوران جنگ اپنی حربی صلاحیتوں کو اس خوبی کے ساتھ بروئے کا ر لایا کہ ڈوگرہ فوج کو شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ جنگ بندی کے بعد بھی وہ کشمیر کے باقی ماندہ خطے کی آزادی کے لیے آخری سانس تک متحرک رہے۔ وہ نظریہ الحاق پاکستان کے زبردست علم بردار تھے۔ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا وطن قرار دیتے تھے اور اس کی ترقی وخوشحالی ہمہ وقت ان کے مطمح نظر رہتی تھی۔ مقررین نے کہا کہ سیداحمد علی شاہ نے اپنے دور صدارت میں آزادکشمیر میں بے سروسامانی کے باوجود عوام اور ریاست کی فلاح وبہبود کے لیے بھرپور انداز میں کام کیا۔ مقررین نے کیپٹن جنرل سید احمد علی شاہ کی جرات، ایمانداری اور قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کی یاد میں دعا کی اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
واپس کریں